سینئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہےکہ پاکستانی اداکاروں فواد خان اور جاوید نے بھارت جاکر خوب نام کمایا لیکن وہیں ہماری کچھ خواتین نے بھارت جاکر نام ڈبویا۔
بہروز سبزواری حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران انہوں نے سیاست سمیت شوبز کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی ۔
دونوں ملکوں میں فلموں پر پابندی سے متعلق سوال پر بہروز سبزواری نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلمیں بھی ریلیز ہونی چاہئیں، جب ہی دونوں انڈسٹریز کے کاموں کا موازنہ کیاجاسکے گا۔
اس پر میزبان نے کہا کہ اگر بھارتی فلمیں پاکستان میں ریلیز ہونے لگ گئیں تو پاکستانی فلمیں کوئی نہیں دیکھے گا۔
میزبان کی بات پر اداکار نے جواب دیا کہ سب دیکھیں گے ابھی وجاہت نے فلم بنائی سب اس فلم سے محظوظ ہوئے، اگر ہماری فلمیں اس قابل ہوں تو ضرور بزنس کریں گی جس طرح پاکستان کی فلم ’مولاجٹ ‘نے خوب بزنس کیا۔
انہوں نے کہا میرا ماننا ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں پر سے پابندی ہٹادینی چاہے اس کے بعد سنیما بھرجائیں گے بلکہ یہاں لوگ بھی سنیما بنانے لگ جائیں گے۔
بھارت جاکر کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں سے متعلق سوال پر بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ فواد خان نے بھارت جاکر بہترین کام کیا، اگر آج فواد خان بالی وڈ انڈسٹری میں موجود ہوتے تو وہ بھارتی فلموں کے سرفہرست اداکاروں میں شامل ہوتے، فواد خان بھی خان ہیں وہ اپنی اداکاری سے ان سارے خان کو کھاجاتے، جاوید شیخ اور فواد نے خاصا نام کمایا۔
بہروز سبزواری نے مزید کہا کہ وہیں ہماری بہت سی خواتین بھی بالی وڈ میں گئیں انہوں نے وہاں جاکر اپنا نام ڈبویا لیکن میں ان کے نام نہیں لینا چاہتا۔