ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے اور پولیس اہلکار کی جانب سے تشدد کے معاملے پر خاتون کی بڑی بہن شازیہ کا بیان سامنے آگیا۔
گفتگو کے دوران خاتون کی بڑی بہن شازیہ نے بتایا کہ ٹرین میں رش کے دوران میری بہن مریم کا پرس کھو گیا تھا، فون پر بہن نے بتایا پولیس والا تنگ کر رہا ہے، میں نے فون پر ٹی ٹی سے بات کی اور ٹکٹ کے پیسے آن لائن بھجوانے کا کہا تھا۔
شازیہ کے مطابق میری بہن نے پولیس والے سے بھی فون پر بات کروانے کی کوشش کی، پولیس والے نے فون کال کے دوران ہی مریم پر تشدد شروع کردیا تھا، پولیس اہلکار دوران تشدد کہہ رہا تھا کینٹین والے ڈبے میں چلو۔
خاتون کی بڑی بہن نے مزید بتایا کہ تشدد کرنے والے اہلکار کے ساتھ دو دیگراہلکار بھی تھے، پولیس والا تشدد کرکے ساتھ لے گیا اور پھر مریم کی لاش کی اطلاع ملی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا بعد ازاں خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں‘۔