بھارتی ریاست تلنگانہ میں ہندو انتہا پسندوں نے اسکول پرنسپل کی جانب سے طلبہ کو زعفرانی کپڑے پہننے سے منع کرنے پر اسکول پر حملہ کردیا۔
ریاست تلنگانہ کے ایک مشنری اسکول میں کچھ طلبہ کے یونیفارم کے بجائے زعفرانی کپڑے پہننے پر پرنسپل کی جانب سے سوال پوچھنے پر بعد ہندو انتہا پسندوں نے اسکول پر حملہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب بلیسڈ مدر ٹریسا اسکول کے پرنسپل جے مون جوزف نے زعفرانی لباس پہن کر اسکول آنے والے طلبہ سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ مذہبی تہوار منا رہے ہیں، جس پر پرنسپل نے طلبہ کو کلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے اسکول پر حملہ کرکے استاد کو زدوکوب کیا جب کہ پولیس نے بھی اسکول پرنسپل سمیت اسٹاف کے دو لوگوں پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے پرمقدمہ درج کرلیا۔