بھارتی ریاست اترپردیش میں اسکول کے بچوں کی پڑھائی اس وقت متاثر ہوئی جب پرنسپل بچوں کو چھوڑ کر اسکول میں ہی فیشل کروانے میں مصروف ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیوٹی پروسیسنگ کا عمل اسکول کے کچن میں جاری تھا تاہم اس دوران اسسٹنٹ ٹیچر موبائل تھامے ویڈیو بناتے ہوئے فیشل کرانے میں مصروف پرنسپل تک پہنچ گئیں۔
اسسٹنٹ ٹیچر کے پہنچنے تک پرنسپل کا فیشل آخری مراحل میں داخل ہوچکا تھا جو کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے، جب ٹیچر اسکول کے کچن تک پہنچی اور کیمرے نے فیشل مکمل کرواتی پرنسپل کو فوکس کیا تو پرنسپل اپنی کرسی سے اٹھ بیٹھی۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ پرنسپل نے طیش میں آکر اپنی اسسٹنٹ ٹیچر کے ہاتھ پر کاٹ لیاجس سے ان کے ہاتھ سے خون بہنے لگا۔
بعد ازاں اسسٹنٹ ٹیچر نے پرنسپل کے کاٹنے سے ہاتھ پر پڑنے والے نشانات کی ویڈیو بھی پوسٹ کی جو وائرل ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرنسپل کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہےجب کہ متاثرہ ٹیچر کے چیک اپ کے بعد پرنسپل کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔