سابق صدر مملکت و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ پڑھو تو کیا غلط ہے؟
کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردوں کو پکڑنے کے قانون کے تحت پکڑا جارہا ہے، اگر جزا اور سزا نہ ہو تو ایسا قانون بیکار ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ پڑھو تو کیا غلط ہے؟ حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ جو پڑھتا ہے اس پر ایف آئی آر ہو جاتی ہے، حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ پڑھنےکا مشورہ دینا کون سی غداری ہے؟ آپ نے اپنے ذہن میں ایک نظریہ بنارکھا ہے جس پرآپ غدار قرار دے دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ حمودالرحمان دیانت دار جج تھے ان کے بیٹے آج بھی فیڈرل شریعت کورٹ کےجج ہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھاکہ چند لوگ نوجوانوں کے ٹھیکے دار بنے ہوئے ہیں، آپ لوگ قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لیے متفق ہو جائیں، اسٹیک ہولڈرزکوٹیبل پرلائے بغیر حل ممکن نہیں، اس وقت دو سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں، ایک بانی پی ٹی آئی کیونکہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، فارم 47 والوں کا مینڈیٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 والوں کو لوگ مینڈیٹ دے دیں کہ وہ جوبات کریں گے اس پرہم بھی کھڑے رہیں گےتووہ بھی بات کرسکتےہیں، اسٹیک ہولڈرمیزپر نہیں ہوں تو فیصلہ نہیں ہوگا۔